کل سے مزید 5ٹرینیں چلانے کا اعلان۔وباکے خاتمے تک اضافہ نہیں ہوگا‘وزیرریلوے

559
لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد پریس کانفرنس کررہے ہیں

سرگودھا/لاہور (صباح نیوز/نمائندہ جسارت) کل یکم جون سے5 نئی چلنے والی ٹرینوںکا شیڈول جاری کردیا گیا۔ محکمہ ریلوے کے اعلامیے کے مطابق راول، خان بابا، کراچی، شالیمار اور سر سید ایکسپریس کل یکم جون2020 ء سے چلائی جائیں گی ان کی آن لائن بکنگ شروع ہوگئی ہے۔ دریں اثنا ہفتے کوریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ راجا ظفر الحق، گوہر ایوب اور میرے علاوہ نواز شریف سمیت پوری کابینہ ایٹمی دھماکے کرنے کے خلاف تھی‘ مزید 5 ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے ‘60فیصد بکنگ کے ساتھ ٹرینیں چلانے کی وجہ سے گزشتہ 10روز میں5کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے‘ لاک ڈائون میں 1056 ویگنوں کو ٹھیک کیا‘ ریلوے کو 32 ارب تک کے خسارے کا سامنا ہے‘ میں چاروں صوبوں کا مشکور ہوں جنہوں نے ٹرین چلانے میں ہمارے ساتھ تعاون کیا‘ اس وقت 142میں سے صرف 40 ٹرینیں چلا رہے ہیں اور جب تک کورونا کی وبا قابو میں نہیں آجاتی‘ مزید تعداد نہیں بڑھائی جائے گی‘ مسافروں کی مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے جو مزید 5 ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہم ایس او پیز پر عملدرآمد کی کمٹمنٹ پر پورا اتریں گے اور5کروڑ روپے کے نقصان کے باوجود 60 فیصد بکنگ کے ساتھ ٹرینیں چلا رہے ہیں‘ بہت زیادہ لوڈ کی وجہ سے آن لائن بکنگ کا نظام بیٹھ گیا اور اس کی بھی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 90 دن ملکی سیاست سمیت ہر حوالے سے بڑے اہم ہیں‘ اس عرصے میں ہم نے کورونا کے ساتھ چلنا ہے‘ ہمسایہ ملک سے ٹڈی دل نے ہمارے ملک میں داخل ہونا ہے‘ حکومت بجٹ بھی پیش کرنے جا رہی ہے‘ میر ے سابق دوست نے لندن کے کاغذات بھی نیب کو پہنچانے ہیں‘ میں کہہ چکا ہوں کہ جھاڑو پھر جائے گی‘ شریفوں،گیلانیوں اور زرداریوں نے ملک کو بیدردی سے لوٹا ہے‘ وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے باوجود چوروں اور ڈاکوئوں کے خلاف اسٹینڈ لیا ہے اور یہ اس ملک کی ضرورت ہے۔ انہوںنے بتایا کہ ایم ایل ون کے پی سی ون کی ایکنک سے جلد منظور ی ہو جائے گی ‘ ایم ایل ون ریلوے کی زندگی ہے۔ انہوںنے کہا کہ قوم کو توقع ہے کہ عمران خان چینی اور آٹا چوروںکونہیں چھوڑیں گے‘ آئی پی پیز کا معاملہ تھوڑا طویل ہے کیونکہ اس میں اربوں روپے لینے اور اربوں دینے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری برادران میرے سگے بھائیوں کی طرح ہیں‘ وہ سمجھدار سیاستدان ہیں‘ وزیر اعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے‘ میں ان کا ساتھی ہوں اور ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔