عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس‘ٹڈی دل کے تدارک کیلیے اقدامات کا جائزہ

143

لاہور (نمائندہ جسارت )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ٹڈی دل کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری، رکن بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری زراعت و اطلاعات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹڈی دل کے خاتمے کی مہم کے لیے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کردیا۔ عثمان بزدار نے محکمہ زراعت اور پی ڈی ایم اے حکام کو ہیلی کاپٹر استعمال میں لانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ٹڈی دل سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں اور اداروں کو ٹڈی دل سے فصلوں کو بچانے کے لیے24 گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ٹڈی دل کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہرممکن اقدام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ٹڈی دل کے خاتمے اور فصلوں کو بچانے کے لیے ایک ارب روپے کے وسائل فراہم کیے ہیں۔ وفاقی حکومت کے تعاون سے فضائی اسپرے بھی کیا جا رہا ہے۔ جون،جولائی میں ٹڈی دل کے ممکنہ حملے کے حوالے سے پیشگی تیاریاں کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے خود راجن پوراوربھکر کے دورے کر کے صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔3 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر اسپرے کیاجاچکا ہے،17متاثرہ اضلاع میں ٹڈی دل کی موثر نگرانی کا عمل جاری ہے۔اینٹی ٹڈی دل اسکواڈ کو میدان میں اتاردیاگیاہے اور اینٹی ٹڈل دل سکواڈمیں شامل گاڑیاں متاثرہ علاقوں میں اسپرے کررہی ہیں۔