شریف خاندان کو اپنی زندگی کے سوا کسی کی پروا نہیں، مسرت چیمہ

157

لاہور (نمائندہ جسارت) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹریٹ میں تقریب کاانعقاد انتہائی غیر ذمے داری کا مظاہرہ ہے، دہر امعیار ن لیگی قیادت کا پرانا وتیرہ ہے، لوگوں کی جان خطرے میں ڈال کر ثابت ہوگیا کہ شریف خاندان کو اپنی جماعت کے رہنمائوں، کارکنان اور عوام سے کوئی سروکار نہیں، پنجاب میں شادی کی تقریبات، اجتماعات پر پابندی ہے لیکن ماڈل ٹائون میں اسی طرز کا اجتماع منعقد کیا گیا، حکومت کو ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کے طعنے دینے والے اپنی سزا خود تجویز کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے لیگی منتظمین کے خلاف کارروائی کی تو اسے انتقامی کارروائی قرار دیدیا جائے گا۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے میڈیا کیلیے جاری اپنے بیان میں کہا کہ ن لیگ کی قیادت نے اپنی واہ واہ کیلیے رہنمائوں کے ساتھ ساتھ، اراکین اسمبلی، رپورٹرز اورکیمرہ مینوں کی جانوں کو بھی خطرے میں ڈالا۔ شریف خاندان اپنے لیے فول پروف احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہے اور دوسروں کی پروا نہیں، نقاب شریف کو اپنی جان اتنی عزیز ہے کہ اجتماع منعقد کرکے خود وڈیو لنک سے خطاب کیا۔ یوم پاکستان پر تو ن لیگ نے کوئی تقریب منعقد نہیں کی لیکن یوم تکبیر کی انہیں بڑی فکر ہے، کیا تقریب کا انعقاد کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج نہیں ہونا چاہیے؟