سیاحتی مقامات کھولنے کا فیصلہ این سی او سی کی اجازت سے مشروط

129

لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب میں ریسٹورنٹس، مری اور دیگر سیاحتی مقامات کھولنے کا فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکی اجازت سے مشروط کر دیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی ہدایت پرسینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی انسداد کورونا کے وڈیو لنک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن میں کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط انٹرویوز کیے جا سکیں گے ۔ عبدالعلیم خان نے اجلاس میں موجودہ صورتحال کے مطابق مختلف شعبوں میں نرمی کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ذمے دارانہ طرز عمل کا مظاہرہ ہوا تو بتدریج پابندیاں نرم کرنے پر غورکریں گے ۔انہوںنے کہا کہ صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ کے کرائے کم کرانے کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت کورونا کی اصل صورتحال سے میڈیا کو روزانہ آگاہ رکھے۔کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا نے پنجاب پبلک سروس کمیشن میں ایس او پیز سے مشروط انٹرویو ز کی اجازت دینے کا اصولی فیصلہ بھی کیا۔