ملک کا روایتی گلا سڑا نظام ناقابل برداشت ہے، لیاقت بلوچ

618

200524-08-
لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ ملک کا روایتی ، گلا سڑا نظام ناقابل برداشت ہے ۔ عمران خان نے اسٹیٹس کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کو مایوس کیا ہے ۔ روایتی چند سیاسی ناٹک فرسودہ نظام نہیں بدل سکتے ۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن نے ملک کے طول و عرض میں کورونا وبا اور لاک ڈائون متاثرہ خاندانوں کی بے لوث اور بلاامتیاز خدمت کی ہے ۔ جماعت اسلامی کی ملک گیر تنظیم اور کارکنان ملک ملت کا بڑا اثاثہ ہیں ۔ ملک کے نظام کی تبدیلی اور عوامی فلاحی اسلامی نظام کے لیے کارکنان کو اگلے مرحلے میں بڑی محنت کرناہے ۔ ان خیالات کااظہا ر انہوں نے جامع رحیمیہ میں خطاب ، منڈی بہائوالدین ، پاہڑیانوالی میں الخدمت کے تنور ، سستا کھانا ، عید گفٹ راشن کے مراکز کا دورہ اور معززین و کارکنان کے اعزاز میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور فلسطین عالم اسلام کی شہ رگ ہے ۔ یہود و ہنود کے قبضے سے قبلہ اول کی بازیابی اور کشمیریوں کے لیے حق خود ارادیت کا حصول پوری امت کی گردن پر قرض اور فرض ہے ۔ یوم القدس پوری امت کو بیت المقدس کی آزادی کے لیے متحد ہونے کا پیغام ہے ۔ حرمین الشریفین کی حفاظت اور سرزمین انبیاؑ فلسطین کے تحفظ پر اہل ایمان متحد ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کراچی ائر پورٹ کے قریب ہونے والے طیارہ حادثے پر دلی دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید کی خوشیوں میں شرکت کے لیے جانے والے مسافروں کا حادثے میں لقمہ اجل بننا بڑا صدمہ ہے ۔ حادثے کی انکوائری ناگزیر ہے ۔ لیاقت بلوچ نے گوجرانوالہ میں معروف سرجن یوسف طارق کے انتقال پر تعزیت بھی کی ۔