نیپال بھارت کشیدگی، نیپال نے سرحد پر مزید فوج تعینات کردی

826

کھٹمنڈو: نیپال نے لپولیخ پاس لنک روڈ پر اپنی ملکیت کے دعوے کے بعد سرحد پر مزید فوج تعینات کردی ہے۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق نیپال کی جانب سے بھارت کو لنک روڈ پر مزید تعمیرات سے باز رہنے کی ہدایت دئیے جانے کے بعد نیپال نے سرحد پر مزید فوج تعینات کردی ہے جبکہ نیپال نے احتجاجاً بھارتی سفیر کو بھی طلب کرلیا ہے۔

نیپالی وزیرخارجہ پردیپ گیاوالی نےکہا ہے کہ انہوں نے سرحد پر بھارتی تعمیرات میں مزید پیشرفت کو روکنے کیلئے فوجی چوکیوں میں اضافہ اور مزید فوج تعینات کی ہے۔

بھارت کا کہنا ہے کہ لنک روڈ پر تعمیر ہندوستان کی حدود میں موجود روٹ پر کی جارہی ہے ۔ بھارت کے اس متنازع اقدام کے بعد نیپال کے شہریوں نے سڑکوں پر احتجاج شروع کردیا ہے اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے پتلے بھی جلائے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ نیپالی حکومت نے بھارت کے اس اقدام کو روکنے کیلئے ابھی تک کوئی ایکشن نہیں لیا ہے۔

واضح رہے کہ نیپالی وزیرخارجہ پردیپ گیاوالی نے گزشتہ روز کہا تھا کہ لنک روڈ کی ملکیت کا تنازع دونوں ممالک کی جانب سے تاریخی شواہد و سرکاری دستاویزات کو سامنے رکھ کر حل کرنا ہوگا۔ نیپال مذاکرات کرنے کیلئے تیار ہے۔