فیصل آباد‘ پولیس مقابلے میں4 ڈاکو ہلاک

201

فیصل آباد (اے پی پی ) پولیس تھانہ غلام محمد آباد فیصل آباد کے علاقے ولی پورہ نڑوالا روڈ پر گزشتہ صبح مبینہ پولیس مقابلے میں 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی کہ ولی پورہ نڑ والا روڈ پر ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر رہے ہیں جس پر پولیس تھانہ غلام محمد آباد کی نفری اور فورس کے جوان جائے وقوع پر پہنچے،جہاں پولیس سے فائرنگ کا تبادلہ ہواجس میں 2 ڈاکو موقع پرہی ہلاک جبکہ 2 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے فرار ڈاکوئوں کا پیچھا کیا، امین پور بائی پاس شیر اسلامیہ اسکول کے سامنے دوبارہ فائرنگ کے تبادلہ ہوا جس میں مذکورہ دونوں ڈاکو بھی ہلاک ہوگئے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ،موبائلز فونز اور ڈکیتی کی وارداتوں میں لوٹی ہوئی نقدی و دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔ ہلاک ڈاکوئوں میں سے ایک کی شناخت سجاد ولد بشیر کے نام سے ہوئی جو مختلف تھانوں کی پولیس کو ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں مطلوب تھا۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر ڈاکوئوں کی شناخت اور کریمنل ریکارڈ اکٹھا کیا جارہا ہے۔