کورونا ویکسین کی کھوج میں دنیا بھر کے سائبر جاسوس متحرک

609

کورونا وائرس کی ویکسین کی معلومات کی کھوج میں دنیا بھر کے خفیہ ادارے متحرک ہوگئے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس ادارے کے سینئر رکن نے بتایا ہے کہ کورونا ویکسین کی معلومات چرانے کے لیے خفیہ ادارے متحرک ہوگئے ہیں، امریکا نے اپنے ریسرچ کرنے والے اداروں کو اس سے آگاہ کردیا ہے۔

امریکی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ابھی تک ڈیٹا چرایا نہیں گیا البتہ مشکوک سرگرمی محسوس کی گئی ہے۔

میڈیکل ذرائع کے مطابق امریکی ایف بی آئی نے بتایا ہے کہ گزشتہ ماہ اپریل میں کورونا ویکسین پر کام کرنے والے ریسرچ اداروں پر خفیہ اداروں کی جانب سے دخل اندازی کی گئی اور سائبر کرائم کے تحت ڈیٹا چرانے کی بھی کوشش کی گئی۔

ایف بی آئی کے ڈپٹی اسسٹنٹ کا کہنا ہے کہ بائیو میڈیکل ڈیٹا اور ویکسین بنانے والے امریکی ادارے سائبر جاسوسوں کے نشانے پر ہیں۔

امریکا کے قومی سلامتی کے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے اپریل میں کہا تھا کہ یہ سوچنا مضحکہ خیز ہے کہ چین ویکسین کی معلومات جاننے کے لیے دلچسپی نہیں رکھتا۔