پی سی بی ڈریم پیئر مہم ،شعیب اختر نسیم شاہ کے ساتھ بولنگ کے خواہاں

185

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی سی بی کی ڈریم پیئر مہم کو مداحوں، سابقہ اور موجودہ کھلاڑیوں سمیت صحافیوں اور کرکٹ پنڈتوں میں خوب پذیرائی مل رہی ہے۔ ڈیجٹل مہم کا تیسرا مرحلہ3مئی کو شروع ہوا جہاں مداحوں کوٹیسٹ فاسٹ بولرز میں سے اپنی پسندیدہ جوڑی چننے کا موقع دیا گیا۔پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں 178 وکٹیں حاصل کرنے والے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ماضی کے عظیم کھلاڑیوں میں سے عمران خان کے ساتھ جوڑی بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ شعیب اختر نے قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے موجودہ کھلاڑیوں میں سے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کو اپنے ڈریم پیئر کے لیے چنا ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا کہ وہ ماضی کے فاسٹ بولرز میں سے عمران خان کے ساتھ بولنگ کرنے کا انتخاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ اپنے کیرئیر کے عروج میں عمران خان کے ساتھ دوسرے اینڈ سے بولنگ کرتے تو دونوں کھلاڑیوں کی کا مائنڈ سیٹ ایک ہوتا اور حریف ٹیم کی کوئی وکٹ نہیں چھوٹتی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کھلاڑیوں میں سے ٹیسٹ کرکٹر نسیم شاہ ان کے ہم مزاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان فاسٹ بولر غصہ اور خوف ان کے جیسا ہوسکتا ہے لہٰذا وہ نسیم شاہ کو اپنا ڈریم پیئر چنیں گے۔قومی ٹیسٹ کرکٹر نسیم شاہ نے کہا کہ وسیم اکرم کے بعد اب شعیب اختر کی جانب سے مجھے اپنے ڈریم پیئر میں شامل کرنے پران کا مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ اپنے پسندیدہ فاسٹ بولرز کے ڈریم پیئر کا حصہ بننا میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔نسیم شاہ نے کہا کہ جن فاسٹ بولرز کو دیکھ کر کرکٹ کھیلنا شروع کی آج ان کا میرے ساتھ بولنگ کی خواہش کرنا میرے لیے فخر کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ فاسٹ بولر کے لیے جارحانہ مزاج بہت ضروری ہے، شعیب اختر کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ادہر ٹیسٹ کرکٹر محمد عباس نے حسن علی کو اپنی ڈریم جوڑی میں چن لیا۔محمد عباس 18 ٹیسٹ میچوں میں 75 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس کا کہنا ہے کہ ماضی کے عظیم بولرز کی فہرست میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ان کے لیے ایک مشکل انتخاب ہوگا تاہم وہ وسیم اکرم کیساتھ بولنگ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ فاسٹ بولر محمد عباس نے کہ وہ ماضی کے عظیم کھلاڑیوں میں سے وسیم اکرم کے ہمراہ بولنگ کا انتخاب کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ موجودہ فاسٹ بولرز میں سے حسن علی کے ساتھ ڈریم پیئر بنانے کی خواہش کریں گے۔ڈریم ٹیسٹ جوڑی چننے کے لیے فاسٹ بولرز کے انتخاب کا معیار 75 ٹیسٹ وکٹیں رکھا گیا ہے۔