شبلی فراز، عاصم سلیم کی وزارت اطلاعات آمد، اداروں کے امور پر بریفنگ

632

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز اور معاون خصوصی وزیر اعظم برائے اطلاعات و نشریات جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کی وزارتِ اطلاعات آمد  پر سیکریٹری اطلاعات اکبر درانی اوروزارت کے ذیلی اداروں کے سربراہان کی وزارت اور اداروں کے امور پر وفاقی وزیر اور معاون خصوصی کو بریفنگ ۔

اس موقع پر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا اہم ذمہ داری سونپنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے ،اطلاعات و نشریات ایک ایسی وزارت ہے جسے ہمیشہ سے روایتی انداز سے چلایا جاتا رہا ہے ، ہم نے وزارت اطلاعات کے کردار کو مزید فعال اور متحرک بنانا ہے ۔

شبلی فراز نے مزید کہا کہ یہ ایک دن کا کام نہیں اس کو بتدریج آگے بڑھائیں گے،آپ سب پیشہ وارانہ افسران ہیں ،وزارت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ایک ٹیم کی طرح لگن سے کام کرنا ہو گا ،ادب اور ثقافت کے فروغ کیلئے وزارت ِ اطلاعات کا کردار نہایت اہم ہے ۔

عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ میرے لیے بطور معاون خصوصی کام کرنا باعث اعزاز ہے ،ہم نے وزارت اطلاعات کو اکیسویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے،انفارمیشن سروس اکیڈمی ملک کے نوجوانوں اور صحافیوں کی تربیت کیلئے عصر حاضر کے تقاضوں سے لیس پروگرام ترتیب دے ۔

 عاصم سلیم باجوہ نے مزید کہا کہ وزارت کے تمام اداروں کے مابین ہم آہنگی اور تعاون کا فروغ نہایت ضروری ہے ۔