آٹا، چینی اسکینڈل میں وفاقی اور پنجاب حکومت ملوث ہے، رانا ثنا

225

فیصل آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر راناثنا اللہ نے کہا ہے کہ آٹا چینی کے نام پر قوم کے ساتھ ہونے والی اربوں روپے کی ڈکیتی میں چند افراد نہیں وفاقی اور صوبائی حکومت ملوث ہے۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سمیت ایکسپورٹ کی منظوری دینے والی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے تمام ارکان کو گرفتار کرنے سے قانون کی بالادستی قائم ہوگی۔ چند ارکان کو قربانی کا بکرا بنانے سے ڈکیتی کی برآمدگی ممکن نہیںہوگی۔ ’’صباح نیوز‘‘ سے گفتگو میں انہوں نے آٹا، چینی اسکینڈل میں ملوث مافیا کے خلاف قانونی کارروائی کو نیب کیلیے چیلنج قرار دیا، جبکہ عمران خان کو اپنے ذاتی معالج کی تجویز پرکورونا وائرس ٹیسٹ کروانے کا بھی مشورہ دیا ہے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ ان کی وجہ سے پوری حکومت وائرس کا شکار ہو جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پونے 2 برس میں پہلی بار حکومت قوم کے سامنے بے نقاب ہوئی ہے۔ چوروںکو نہ چھوڑنے کا دعویٰ کرنے والے خود بھی کٹہرے میں پیش ہوںگے تو ذمے دار وہی ثابت ہوںگے۔