وزیراعظم نوجوانوں کو ڈھائی کروڑ تو دور ڈھائی روپے بھی نہیں دینگے، رانا ثنا

193

فیصل آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات میں طنزیہ گفتگو کرنے والے عقل اوراخلاقیات سے محروم ہیں، عمران خان کی طرف سے نوجوانوںکے لیے بڑے پیکج کے نام پر ڈھائی کروڑ روپے قرض فراہم کرنے کے اعلان کو 1 کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر فراہم کرنے کے دعوے کے مطابق قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران پونے 2 سال سے قوم کے ساتھ جھوٹ بول رہے ہیں، ابھی تک ایک دھیلے کا بھی فائدہ نہیں پہنچایا گیا بلکہ مہنگائی سے غریب عوام کو بدحال کردیا گیا۔ وہ ڈھائی کروڑ تو کیا ڈھائی روپے بھی نہیںدیںگے۔ ’صباح نیوز‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود اعتراف کرلیا ہے کہ اگر لوگ سڑکوں پر نکل آئے تو لاک ڈائون کا کیا فائدہ؟ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ معیشت جام ہونے اور غریب عوام کے چولہے بند ہونے کے نتائج بہتر نہیں ہوں گے۔ احساس پروگرام کے نام پر لوٹ مار جاری ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں پہلے سے رجسٹرڈ خواتین کو 3 ماہ کے یکمشت 12 ہزار روپے ملے ہیں جبکہ80 فیصد مستحقین محروم ہیں۔ غریبوں کے گھروں میں راشن پہنچانے کے دعویداروں نے ابھی تک چائے کی ایک پتی بھی نہیں دی جبکہ پرائیویٹ سیکٹر میں بھی پابندی لگادی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 ارکان پر چلنے والی حکومت قانون سازی نہیں نہیںکرسکتی۔