کورونا کیسز بڑھنے پر اسپتالوں پر دباؤ بڑھے گا،وزیراعظم

409

پشاور: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز بڑھنے پر اسپتالوں پر دباؤ بڑھے گا، وفاقی حکومت اس وبا پر قابو پانے کیلئے تمام صوبوں کی بھرپور معاونت کر رہی ہے۔

پشاور میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے دورہ پر وزیر اعظم کو کورونا وائرس کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی اسد عمر،معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشترسمیت دیگر وزراء بھی موجود تھے۔

وزیراعظم کو وباکو روکنے کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خیبر پختونخواہ میں تین فروری کو ہی کورونا ایمرجنسی نافذ کردی تھی، جس کی صوبائی حکومت کے وزرا روزانہ کی بنیاد پر تمام چیزوں کو مانیٹرکررہے ہیں،

صوبے بھر میں 2سو 75قرنطینہ سینٹرقائم کیے گئے،جن میں 18ہزار افراد کی گنجائش ہے۔

عمران خان نے صوبائی حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ہر سطح پر تعاون کو یقینی بنائے گی،رقوم کی فراہمی میں شفافیت کویقینی بنا رہےہیں، حکومت وبا پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ غریب افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے بھی ہر طرح کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے، اس وبا کو ڈاکٹر کی مدد کے بغیر شکست نہیں دی جاسکتی ،ڈاکٹرز اور عملے کی حفاظت کے لیے تمام طبی سامان کو پوراکیا جائے گا،اس کے لیے این ڈی ایم اے چین اور دیگر ممالک سے امدادی سامان لا رہا ہے۔