نوازشریف اور مریم نواز کیخلاف شوگر ملز کیس داخل دفتر کرنیکا حکم

137

لاہور(نمائندہ جسارت)احتساب عدالت نے چودھری شوگر ملز اسکینڈل کیس کی فائل ریکارڈ روم میں بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ یہ بات احتساب عدالت کے تحریری فیصلے میں سامنے آئی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں تحریر کیا ہے کہ چودھری شوگر ملز اسکینڈل کیس کا ریفرنس نیب نے تاحال عدالت میں پیش نہیں کیا جبکہ ریفرنس کے ملزمان سابق وزیراعظم نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور بھتیجے یوسف عباس کی ضمانت ہو چکی ہے۔ اس لیے عدالت میں ریفرنس دائر ہونے تک اس ریفرنس پر سماعت عدالت کا وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے۔ عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ جب نیب مذکورہ ریفرنس عدالت میں پیش کردے گی تو عدالت ملزمان کو طلبی کا نوٹس جاری کردے گی، تب ملزمان کو عدالت میں لازمی پیش ہونا پڑے گا۔حکم نامے میں عدالت نے ریفرنس دائر ہونے تک تینوں ملزمان کی عدالت میں حاضری سے استثنا کی درخواست بھی منظور کرلی ہے۔احتساب عدالت نے فیصلے میں کیس کی فائل ریکارڈ روم بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ تینوں ملزمان کو ریفرنس دائر ہونے پر طلب کیا جائے گا ۔نیب کا موقف ہے کہ چودھری شوگر ملز میں 2001 ء سے 2017 ء کے درمیان غیر ملکیوں کے نام پر اربوں روپے کی بھاری سرمایہ کاری کی گئی اور انہیں لاکھوں روپے کے حصص دیے گئے،پھر وہی حصص مریم نواز، حسین نواز اور نواز شریف کو بغیر کسی ادائیگی کے واپس کیے گئے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی میں بھاری سرمایہ کاری کے لیے غیر ملکیوں کا نام اس لیے بطور پراکسی استعمال کیا گیا کیوں کہ شریف خاندان کی جانب سے سرمایہ کاری کے لیے استعمال کی جانے والی رقم قانونی نہیں تھی۔