ٹائیگر فورس کا اعلان عمران خان کا جذباتی فیصلہ ہے،لیاقت بلوچ

338
فیصل آباد: نائب جماعت اسلامی لیاقت بلوچ الخدمت فائونڈیشن کے تعاون سے مجاہد اسپتال میں بنائے گئے پہلے غیر سرکاری آئسولیشن وارڈ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس کا اعلان عمران خان کا جذباتی اورفسادی فیصلہ ہے۔کورونا تباہ کن ہے لیکن وزیراعظم عمران خان کا اسلوب حکمرانی کورونا سے زیادہ تباہی لا رہا ہے۔ حکومت ایسے افراد کی بیخ کنی کرے جو کورونا وبا کی آڑ میں مساجد ،باجماعت نمازوں،زائرین،تبلیغی جماعت،بیرون ملک سے آئے مسافروں کو ہدف بنا کر سماجی انتشار ،خود غرضی اور نفرتیںپیدا کررہے ہیں حکومت عوام کو ریلیف دینے کا بااعتماد میکنیزم بنائے۔اسپتالوں ،ڈاکٹرز ،میڈیکل اسٹاف کو حفاظتی سہولتیں دیں۔اقتصادی بحران کے مقابلے کے لیے نئے قرضوں کے بوجھ لادنے کے بجائے تیل ،گیس،بجلی پر تما م حکومتی ٹیکس اور جی ایس ٹی 3 ماہ کے لیے ختم کردے۔صنعتوں کو بحران کی طرف نہ دھکیلا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں لاہور اور شیخوپورہ میں کورونا ریلیف مراکز کا دورے کے دوران رضاکاروں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ کورونا وبا کا مقابلہ تنہا حکومت یا فوج نہیںکرسکتی ،پور ی قوم کو متحد ہونا ہے۔وبا مسلم اور غیر مسلم سب کو لپیٹ میں لیے ہوئے ہے۔ ان دنوں نیم حکیم،نیم دانشورطرح طرح کے تجزیے اور نسخے دے رہے ہیں۔سب لوگ منظم قوم کی حیثیت سے تمام طبی احتیاطیں اختیار کریں اور طبی قید قبول کریں۔اہل ایمان رجوع الی اللہ ،توبہ و استغفار کرتے ہوئے اسلام کی حکمرانی کے نظام کی طرف لوٹ آئیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی ،الخدمت فائونڈیشن کے دفاتر،اسپتال،اسکولز،ایمبولینسز،مساجد،اسلامی مراکز، کارکن، رضاکار ریلیف کام کے لیے ہمہ تن مصروف ہیں۔کارکنان پوری محنت اور تلاش سے لاک ڈائون سے متاثرہ غریب سفید پوش مرد و خواتین ،اقلیتوں،خواجہ سرائوں،تک فوڈ پیکج،سینی ٹائزر،ادویات پہنچا رہے ہیں۔جراثیم کش ا سپرے تمام مسالک کی مساجد،چرچز ، مندر،گوردواروں میں کئے جارہے ہیں۔کورونا وبا کے مقابلہ میں مسلم غیر مسلم سب متحد ہیں۔