عوام کے شانہ بشانہ کورونا وبا سے لڑیں گے، تنہا نہیں چھوڑیں گے، شہباز شریف

320

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک/ خبر ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاںمحمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کے شانہ بشانہ کورونا کی وبا سے لڑیں گے‘ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے‘ہر ممکن حد تک ہم نے عوام کو کورونا سے بچانے کا سامان مہیا کرنا ہے‘ عوام کورونا سے بچائو کی ہدایت پر عمل کریں‘ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے ایک لاکھ کٹس بنائی جا رہی ہیں جو ہماری طرف سے عوام میں تقسیم کی جائیں گی جن میں ماسک، سینی ٹائزر، صابن بھی ہے ‘ کٹس کا مقصد کورونا کے خلاف جنگ کے لیے عوام کو تیار کرنا ہے‘ یہ قوم کی زندگی اور موت کا معاملہ ہے‘ احتیاط، نظم و ضبط اور تعاون کے اصولوں پر عمل کرکے اس مشکل سے نجات ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کو شہریوں میں حفاظتی کٹس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپوزیشن لیڈر نے رضاکارانہ امداد ی اور فلاحی ذمے داریاں انجام دینے والے مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسانوں کی خدمت کرنے سے اللہ تعالی بیحد خوش ہوتا ہے‘ یہ موقع ہے کہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور اللہ تعالی کو راضی کرلیں‘ دیہاڑی دار مزدور اور کمزور طبقات بہت برے حالات میں ہیں‘ معاشی حالات سے تنگ افراد کی خودکشیوں کی اطلاعات باعث تشویش ہیں ‘ایسے اندوہناک واقعات قابل افسوس ہیں ۔ دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب آپ نے خیبر پختونخوا میں صحت کا جو انقلاب برپا کیا ہے اس کی وجہ سے وہاں کے مریض بھی اسلام آباد ہی آتے ہیں ‘ ایک سال میں صحت کا بجٹ استعمال نہ ہوپانا‘ اسپتالوں میں آلات اور دیگر سہولیات کی عدم فراہمی عمران صاحب آپ کی ناکامی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مریم اورنگزیب نے جمعے کے روز میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب اسلام آباد میں پمز اور پولی کلینک کے2 اسپتال بھی آپ نہ چلاسکے ‘ عمران صاحب اپنی ذاتی انا اور تکبر کی وجہ سے ابھی تک مکمل طور پر پی ایم ڈی سی بحال نہ ہو سکا‘ پمزاسپتال میں طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے 6 ارب روپے استعمال ہوتے عوام کی صحت بہتر ہوپاتی۔