تعاون کے باوجود مساجد کی تالابندی پر تشویش ہے،زاہد محمود قاسمی

202

لاہور (نمائندہ جسارت) مرکزی علما کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ مساجد کو بند کرکے پانچوں نمازیںاور جمعہ کی نماز پر پابندی عاید نہ کیا جائے بلکہ مساجد کو آباد رکھا جائے۔اس سلسلے میں مذہبی طبقات مکمل طور پر حکومت سے تعاون کر رہے ہیں اور نمازیوں سے اپیل بھی کر رہے ہیں کہ معذور، بیمار کم عمر اور ضعیف العمر افراد نمازمسجد کے بجائے گھر میںاداکریں،اس کے باوجود مساجد کی تالابندی قابل تشویش ہے، اس حوالے سے پنجاب حکومت کو واضح پالیسی کااعلان کرنا چاہیے۔مودی اسرائیل سے ملکر مقبوضہ کشمیر میں خوفناک منصوبے پر عمل پیراہے،کشمیری عوام کورونا وائرس کے ساتھ بھارتی مظالم سے بھی مر رہے ہیں۔مرکزی علما کونسل پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات حافظ محمد طیب قاسمی سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مخیر حضرات ، تاجر، سرمایہ دار اور منتخب عوامی نمائندوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں غرباء، مساکین،بے سہارا ،مستحقین کا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ڈومیسائل قانون کا اطلاق غیر قانونی ہے، اس وقت عالمی دنیا کی توجہ کورونا وائرس پر مرکوز ہے مگربھارت اس سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ مقبوضہ کشمیرپر بھارتی تسلط اور پاکستان سے کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔ بے پناہ مظالم، کرفیو، لاک ڈائون کے باوجود تحریک آزادی کو دبانے میں ناکامی کے بعد انتہا پسند بھارتی وزیر اعظم مودی نے اسرائیل کے ساتھ مل کر مقبوضہ کشمیر میںایک خوفناک منصوبے پر کام شرو ع کردیا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر 3 ہزار اسرائیلیو ں کی آبادکاری شروع کردی گئی ہے جبکہ کشمیری بچوں کے ذہنوں سے اسلام اور جذبہ حریت کو ختم کرنے کے لیے ایجوکیشن ،اسپتال، خوراک سمیت دیگر شعبے اسرائیلیوں کے سپرد کیے جارہے ہیں۔