کورونا وائرس نے دنیا کی بے بسی واضح کردی، حافظ ادریس

244

لاہور(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستان کے بزرگ رہنما حافظ محمد ادریس نے کہاہے کہ کورونا وائرس نے دنیا کی بے بسی واضح کردی ہے ۔ خود کو سپر پاور اور دنیا کے حاکم سمجھنے والے آج ایک معمولی وائرس کے سامنے بے بس ہیں ۔رجوع الی اللہ اور توبہ و استغفار ہی تمام پریشانیوں اور مصیبتوں سے نجات کا ذریعہ ہے ۔حکومت کی طرف سے جاری کی گئی احتیاطی تدابیر کی پابندی کرنا عوام کی ذمے داری ہے ۔بیماری یا پریشانی سے تنگ آکرخود کشی کرنا اللہ کی رحمت سے مایوسی ہے ۔اللہ تعالیٰ نے مایوسی سے منع فرمایا ہے ۔لاک ڈائون کے دوران اپنے ارد گرد موجود مستحقین کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمے داری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کیا۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ حکومت ابھی تک غریبوں کو ریلیف دینے میں کوئی ریلیف نہیں دے سکی۔ مخیر حضرات اپنے ارد گرد موجود مستحقین کی ضروریات کا خیال کریں اور اللہ کی راہ میں کھل کرخرچ کریں ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی آزمائش کرتا ہے اور دیکھتا ہے کہ مصیبت زدگان کی مدد کے لیے کون آگے بڑھ کر خرچ کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کی قوم معترف ہے ۔لاکھوں لوگوں کو راشن اور ضروریات زندگی کی دیگر اشیا پہنچائی گئی ہیں ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ قوم توبہ و استغفار کرے تو اللہ تعالیٰ بہت جلد اس وبا سے نجات دیدے گا۔