کورونا کی آڑ میں بھارت ایسے اقدامات اٹھا رہا ہے جو بلا جواز ہیں،وزیر خارجہ

347

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کورونا کی آڑ میں بھارت ایسے اقدامات اٹھا رہا ہے جو بلا جواز ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حالیہ بھارتی اقدام سے متعلق وڈیو بیان میں کہا ہے کہ بھارت اس وقت وہ اقدامات اٹھارہاہےجوعالمی قوانین،یواین قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام کشمیری قیادت بشمول پاکستان نے بھارت کایہ اقدام یکسر مسترد کردیا ہے،پوری دنیا کورونا کےعالمی وبائی چیلنج سے نبرد آزما ہے اور بھارت کشمیریوں کوخوراک،ادویات فراہمی کے بجائے وہاں ڈومیسائل قوانین میں تبدیلیاں کررہاہے، بھارت اس آڑ میں ایسے اقدامات اٹھا رہا ہے جو بلا جواز ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پوری کشمیری قیادت اور ہزاروں کشمیری نوجوان بھارتی جیلوں میں بند ہیں،بھارت کا ڈومیسائل حصول کے قواعد میں تبدیلی کشمیریوں کا آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کا ایجنڈا ہے، بھارتی اقدام نہ روکا تومقبوضہ کشمیرمیں حالات مزیدخراب ہونےکاقوی امکان ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت کا یہ اقدام، سٹیزن ترمیمی ایکٹ کی طرح انتہائی متنازع اقدام ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو بھارت کے غیر قانونی، غیر آئینی اقدام سے مطلع کردیا گیا ہے سیکرٹری جنرل سے بھارتی اقدام کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے یقین دلایا نئے قواعد کا مسودہ منگوا کرجائزہ لیں گے۔