الخدمت 50 ہزار مستحقین میں پکا ہوا کھانا تقسیم کرچکی ہے،ذکراللہ مجاہد

851
امیرجماعت اسلامی لاہورذکراللہ مجاہد کوٹ لکھپت اسٹیشن پر الخدمت کے رضاکاروں کے ساتھ دہاڑی دار مزدوروں میں کھانا تقسیم کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے لیکن جماعت اسلامی کے ورکرز شہر بھر کے دیہاڑی دار اور مستحق لوگوں کی خدمت کے لیے دن رات مصروف عمل میں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹ لکھپت اسٹیشن پر دیہاڑی دار اور مزدوروں میں کھانا تقسیم کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے ورکرز اور الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے رضا کار اب تک 50 ہزار سے زائد مستحق افراد میں پکا ہوا کھانا تقسیم کرچکے ہیں جبکہ دیہاڑی دار اور مستحق خاندانوں میں 1 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے فوڈ پیکیج تقسیم کیے جاچکے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ اینٹی کورونا حفاظتی سامان فیس ماسک اور سینٹیائرز بھی لاکھوں کی تعداد میں تقسیم کیے جاچکے ہیں جبکہ شہر بھر کی مساجد میں اینٹی کورونا اسپرے کا کام بھی جاری ہے۔ امیر لاہور نے اہل خیر اور مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے کروڑوں روپے کی مالیت کا راشن اور اینٹی کورونا سامان لاہور کے مستحق افراد اور خاندانوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا لیکن یہ سب کچھ بہت کم ہے، لاکھوں کی تعداد میں مستحق افراد اور خاندان اس مشکل کی گھڑی میں مدد کے منتظر ہیں، اس لیے عطیات کی اشد ضرورت ہے۔ وہ لوگ جنہیں اللہ تعالیٰ نے وسائل عطا کیے ہیں انہیں دل کھول کر اس موقع پر خرچ کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے عمران خان حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کو 10 روز سے بھی زیادہ کا وقت گزار چکا ہے لیکن وزیر اعظم نے زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں کیا۔ اگر حکمرانوں نے اس موقع پر روایتی بے حسی کو ختم نہ کیا تو ملک کے لوگوں کی بڑی تعداد بھوک کی وجہ سے انسانی المیہ کا شکار ہو جائے گی۔ امیر لاہور نے اس موقع پر اہل لاہور سے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمران کچھ کریں یا نہ کریں جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن مشکل گھڑی میں تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے خدمت خلق کے اس کام کو جاری رکھے گی۔