یورپ میں 4 مختلف دائوں سے کورونا کا آزمائشی علاج

387

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپ میں کورونا وائرس کاآزمایشی علاج شروع کردیاگیا۔ 4مختلف تجرباتی دوائیں 32 ہزار افراد کو دی جا رہی ہیں۔ یورپی وزرائے خارجہ کا کہنا ہے کہ بیماری سے بچنے کا واحد حل مل کر کام کرنا ہے۔ برسلز میں یورپی وزرائے خارجہ کا کورونا سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں شرکاکو بتایا گیا کہ یورپ میں کورونا وائرس کا آزمایشی علاج شروع کردیا گیا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 4مختلف دواؤں کا طبی تجربہ شروع کر کے 32 ہزارافرادکویہ دوائیں آزمایشی طورپردی جارہی ہیں۔ جن مریضوں کو یہ دوائیں دی جا رہی ہیں، ان کا تعلق جرمنی، فرانس، بلجیم، لکسمبرگ، برطانیہ، اسپین اور ہالینڈ سے ہے۔ اس موقع پر یورپی وزرائے خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ بیماری سے بچنے کا واحد حل مل کرکام کرنا ہے۔ دوسری جانبکینیڈین دوا ساز کمپنی ایمرجنٹ بائیو سولوشن کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ملک میں جو افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں ان کی صحت یابی کے لیے دواؤں کی تیاری کا کام آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایمرجنٹ بائیو سولوشن کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی بیماری کا تجرباتی علاج تیار کررہی ہے۔ ایک ہی وقت میں کورونا ویکسین پر کام کرنے کے لیے 2 امریکی دوا ساز کمپنیوں کے ساتھ شراکت کی ہے۔ خیال رہے کہ ایک امریکی ڈاکٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی دوا بنانے میں آیندہ 3 سے 4 ہفتوں میں کامیاب ہوجائے گا۔ اس کی بنائی گئی دوا صرف 20 منٹ میں اس موذی وائرس کا مقابلہ کر کے اسے ختم کرسکتی ہے۔ ادھر یورپی معیشت پر کورونا وائرس کے منفی نتائج کے حوالے سے یورو گروپ کے وزرائے خزانہ نے منگل کے روز ایک مشاورتی اجلاس بھی کیا۔ اس اجلاس میں کاروباری اداروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے نئے اقدامات پر غور کیا گیا۔