بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلیے اقدامات کر رہے ہیں ، دفتر خارجہ

256

 

اسلام آباد(آن لائن)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دنیا کے مختلف ائرپورٹس پر پھنسے پاکستانیوں کے معاملے پر کام کر رہے ہیں، ہوائی اڈے پر محصور54 شہریوں کی ملائیشیا میں دوبارہ انٹری کر دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ دفتر خارجہ مختلف ممالک میں موجود اپنے مشنز سے رپورٹس لے رہا ہے، کوالالمپور میں پاکستانی سفارت خانے کے مطابق ائرپورٹ پر پھنسے54پاکستانیوں کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ تمام مسافروں کی امیگریشن ہو چکی تھی مگر ائر لائن نے بورڈنگ سے انکار کر دیا تھا،تعاون کرنے پر ملائیشیا کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تھائی لینڈ میں پاکستانی سفیر کے مطابق بینکاک میں پھنسے50پاکستانیوں کی دوبارہ انٹری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔خیال رہے کہ بینکاک اور دوحا ائرپورٹ پر پاکستانی محصور ہو چکے ہیں۔ قطر حکام نے لندن سے براستہ دوحا آنے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ لے لیے ہیں۔محصورین نے پاکستانی حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔بیرون ملک محصور ہونے والے پاکستانیوں میں انٹرنیشنل ہاکی اسٹار افشاں نورین بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق بینکاک اور دوحا میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے حکومت نے پی آئی اے حکام سے رابطہ کرتے ہوئے ممکنہ خصوصی آپریشن کے حوالے سے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔حکام پی آئی اے کی جانب سے خصوصی فضائی آپریشن کے لیے ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو رابطوں کے بعد وطن واپس لانے کیلیے پروازیں چلائی جا سکتی ہیں۔