کورونا وائرس دوبارہ حملہ کرسکتا ہے، عالمی ادارہ صحت کا انتباہ

257

جنیوا (آن لائن) عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس دوبارہ بھی حملہ کرسکتا ہے ، یہ بیماری ہر آنے والے دن ایک نیا موڑ اختیار کر رہی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنیوا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا کہ گزشتہ روز چین کے شہر ووہان میںکورونا کاکوئی کیس رپورٹ نہ ہونا دیگر متاثرہ ممالک کو امید دیتا ہے کہ اس وبا کا خاتمہ ہو سکتا ہے ،انہوں نے متنبہ کیا کہ کوئی کیس رپورٹ نہ ہونے پر لاپرواہی بالکل نہیں برتی جائے، تمام حفاظتی اقدامات کو ضرور پریکٹس میں رکھا جائے گا۔ کیونکہ یہ وائرس دوبارہ بھی حملہ کر سکتا ہے، تاریخ میں اس طرح کی وبا نہیں دیکھی گئی لیکن ہمارے پاس طاقت ہے ہم اس سے لڑ سکتے ہیں، وبا سے بچنے کا سب سے موثر حل سماجی فاصلہ ہے لیکن لوگ اسے سمجھ نہیں پارہے ، جسمانی فاصلے کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ تنہائی اختیار کی جائے اس دوران دیگر ایسے طریقے ہیں جس سے سماج سے رابطہ رکھا جاسکتا ہے تاکہ لوگ دماغی تناؤ کا شکار نہ ہوں۔انہوں نے خبردار کیا کہ کووڈ-19 مرض معمر افراد کے ساتھ نوجوانوں پر بھی جان لیوا حملہ کرسکتا ہے اس لیے بہت ضروری ہے کہ لوگوں سے ملاقاتیں کرنے سے گریز کیا جائے، نوجوان بھی اس وبا سے محفوظ نہیں ہیں، 50 سال سے کم عمر افراد جو کورونا کے باعث اسپتال لائے جاتے ہیں، ان میں سے بیشتر افراد تندرست ہو کر گھروں کو لوٹ گئے ہیں مگر اس بیماری سے خطرہ ہر ایک کو ہے، یہ بیماری ہر آنے والے دن ایک نیا موڑ اختیار کر رہی ہے۔