ہوائی کی رکن کانگریس صدارتی نامزدگی کی مہم سے دستبردار

146

ہونولولو (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست ہوائی کی رکن کانگریس نے ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی نامزدگی کے حصول کی مہم ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق تلسی گیبرڈ نے سابق نائب صدر جو بائیڈن کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے ایک وڈیو بیان میں گیبرڈ نے کہا کہ منگل کے پرائمری انتخاب کے بعد یہ واضح ہوگیا کہ ڈیموکریٹ ووٹرز نے صدارتی انتخاب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مقابلہ کرنے کے لیے جو بائیڈن کا انتخاب کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے سینیٹر برنی سینڈرز کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ تلسی گیبرڈ امریکی کانگریس کی پہلی ہندو رکن ہیں اور 4 بار منتخب ہوچکی ہیں۔ وہ امریکی فوج میں بھی خدمات انجام دے چکی ہیں اور امریکی کانگریس سے پہلے ریاست ہوائی کے ایوان کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔ تلسی گیبرڈ نے 2 فروری 2019ء کو اپنی مہم کا باقاعدہ آغاز کیا تھا اور کئی بار تنازعات کا شکار ہوئیں۔ اکتوبر میں ہیلری کلنٹن کا ایک مبینہ بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ روس ایک ڈیموکریٹ خاتون رہنما کو تیار کر رہا ہے، تاکہ اس کی وجہ سے صدارتی انتخاب میں صدر ٹرمپ کو فائدہ ہو، جس کے بعد گیبرڈ نے ہیلری کلنٹن کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا۔ تلسی گیبرڈ رائے عامہ کے جائزوں میں کم ریٹنگ کی وجہ سے کئی بار صدارتی مباحثوں میں شریک نہیں کی گئیں، جس کی وجہ سے انہوں نے میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنایا۔