کورونا سے حفاظت کیلیے بہتر انتظامات کیے جائیں، صابر قائمخانی

179

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) کورونا وائرس کی وبا سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے بہتر انتظامات کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار حیدر آباد شہر سے تعلق رکھنے والے حق پرست رکن قومی اسمبلی انجینئرصابر حسین قائمخانی نے لیبر کالونی ٹنڈو محمد خان روڈ پر قرنطینہ سینٹرکے دورے پر ہیلتھ ،حیسکواور ورکرز ویلفیئر بورڈ کے افسران واسٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر  ان کے ہمراہ ایم پی اے راشد خلجی، ایم کیو ایم ڈسٹرکٹ کمیٹی کے رکن شہاب اکرام، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر مبین میمن، ڈاکٹر موسیٰ، حیسکو ایکسیئن عبدالرشید انصاری، زوہب شیروانی اور ورکرز ویلفیئر بورڈ سعد اللہ خان بھی ہمراہ تھے۔ افسران نے حق پرست ارکان اسمبلی کو قرنطینہ سینٹر میں 156 فلیٹ میں 600 متاثرین کی دیکھ بھال کے انتظام اور کورونا وائرس سے بچائو کے لیے حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ حق پرست رکن قومی اسمبلی انجینئر صابر حسین قائمخانی نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے ہمیں ایک قوم ہوکر جنگ لڑنی ہے اس لیے ہمیں احتیاط کے ساتھ ساتھاایسے انتظامات بھی کرنا ہے جہاں ہم اپنے شہریوں کواس وباسے نجات دلواسکیں۔انہوں نے کہاکہ انسانی جانیں بچانے کے لیے ہمیں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ہدایات پر عمل کرنا ہے اور ایم کیو ایم کے کارکنان اس وبا سے لڑنے کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی انجینئر راشد خلجی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان عوامی خدمت کے لیے ہروقت تیار رہتی ہے اور کورونا وائرس کو بھی ہم متحد ہوکر شکست دیں گے۔