صدر مملکت کاعلامہ نیاز حسین نقوی اور مولانا حنیف جالندھری سے ٹیلی فونک رابطہ

179

لاہور،اسلام آباد ( نمائندہ جسارت+صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نائب صدروفاق المدارس الشیعہ پاکستان علامہ قاضی نیاز حسین نقوی کو ٹیلی فون کیا اور ان سے اپیل کی کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں علما ئے کرام حکومت کا ساتھ دیں، ملک کے تمام طبقات سیاسی، مذہبی اور مسلکی اختلافات بھول کر ایک آواز ہوجائیںاور قومی جذبے کے ساتھ موذی وبا کا مقابلہ کریں۔انہوں نے کورونا وائرس کے متاثرین کی دیکھ بھال کے لیے نوجوان رضاکاروں کو متحرک کرنے کی ضرورت پر بھی
زوردیا۔ علامہ نیاز نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ مشکل کی اس گھڑی میں علما حکومت کے ساتھ ہیں، بھر پور تعاون کررہے ہیں اور مزید بھی کریں گے۔ انہوں نے زوردیا کہ اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے حکومت فوری ا ور مؤثر اقدامات کرے،اس بحران سے نمٹنے کے لیے شیعہ علماء ،تنظیمیں ، مخیرین اور نوجوان حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کے لیے تیار ہیں۔ علاوہ ازیں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری کو فون کیا۔دونوں رہنماوں نے کورونا وائرس کے حوالے سے ملک و قوم کو درپیش صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر صدر پاکستان نے مولانا جالندھری کو اپنے حالیہ دورہ چین کے حوالے سے بتایا کہ چین نے پاکستان کی طرف سے آزمائش کی اس گھڑی میں بھرپور تعاون اور مکمل اعتماد کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔صدر پاکستان نے مولانا جالندھری سے کہا کہ پاکستانی قوم کو متحد اور متحرک کرنے کے لیے اور قوم کامورال بلند رکھنے کے لیے علما کرام اور منبر و محراب کا کردار اہمیت کا حامل ہے،اس لیے علما کرام کو موجودہ صورتحال میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔مولانا جالندھری نے صدر مملکت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھی ہم نے کئی اقدامات اٹھائے اور آئندہ بھی مشکل کی اس گھڑی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ مولانا جالندھری نے صدر مملکت کی توجہ اس امر کی طرف مبذول کرائی کہ سرکاری سطح پر جہاں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی مہم چلائی جا رہی ہے وہیں رجوع الیٰ اللہ کی تلقین بھی کی جائے،قوم سے اور علما و طلبہ سے دعاوں کی اپیل بھی کی جائے اور منکرات و فواحش کی روک تھام کے حوالے سے پالیسیاں تشکیل دی جائیں –