ارامکو کو تیل کی یومیہ پیداوار ایک کروڑ 23لاکھ بیرل برقرا رکھنے کی ہدایت

143

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی وزار ت توانائی نے ارامکو کو ہدایت کی ہے کہ وہ تیل کی یومیہ پیداوار ایک کروڑ 23 لاکھ بیرل کی سطح برقرار رکھے۔ وزارت توانائی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اندرون ملک بھیجے جانے والے ڈھائی لاکھ بیرل تیل کے متبادل کے طور پر فاضلی پلانٹ سے حاصل ہونے والی گیس کو استعمال کیا جائے گا۔ چند ہی ماہ میں سعودی عرب خام تیل کی برآمدات کو یومیہ ایک کروڑ بیرل سے آگے لے جائے گا۔ ادھر ارامکو کے سربراہ امین ناصر کا کہنا تھا کہ کمپنی کو حکام کی جانب سے پیغام موصول ہوا ہے کہ تیل کی پیداواری صلاحیت کو یومیہ ایک کروڑ 20 لاکھ بیرل سے آگے لے جایا جائے۔ واضح رہے کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی نمایندہ تنظیم اوپیک اور روس کے مابین3 سالہ معاہدہ ختم ہوچکا ہے۔ ماسکو کورونا کے تناظر میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی حمایت سے انکار کر چکا ہے۔