شام میں روس کے خلاف ترکی کی بھرپور مدد پر امریکی غور

198

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ انہیں پورا یقین ہے کہ شام کے محاذ پر روسی فوج کی کارروائی میں درجنوں ترک فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق مائیک پومپیو نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران مزید کہا کہ شام میں درجنوں ترک فوجیوں کی ہلاکت کے بعد امریکی انتظامیہ اپنے تْرک اتحادی کو امداد فراہم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اس سے قبل انقرہ حکومت نے کہا تھا کہ شام میں اسدیافواج کے فضائی حملے میں کم از کم 34 ترک فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ دوسری جانب پومپیو نے شامی حکومت کے وزیر دفاع علی عبد اللہ ایوب کے خلاف ملک میں تشدد کی کارروائیوں کے ارتکاب کرنے کے جرم میں پابندیاں عائد کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کو امداد فراہم کرنے والے جنوبی افریقا اور چین کے 9 اداروں پر امریکی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ پومپیو نے انکشاف کیا کہ ایرانی حکام ملک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے امریکی نظربند افراد کی رہائی کے معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ایران میں قید ایرانی نژاد برطانوی سماجی کارکن رچرڈ رٹ کلف نے بتایا کہ اس کی اہلیہ نازنین زغاری رٹ کلف کو 2 ہفتوں کے لیے رہا کیا ہے اور اسے عارضی طورپر اپنے والدین کے گھر میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پومپیو نے امریکی قیدیوں کے بارے میں کہا کہ ہمیں علم ہے کہ ایران اس حوالے سے سوچ رہا ہے کہ انہیں رہا کیا جائے گا۔