جوبائیڈن نے مزید 3 ریاستوں میں سینڈرز کو شکست دیدی

236

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کی دوڑ میں شامل سابق نائب صدر جو بائیڈن نے فلوریڈا، الینوائے اور ایریزونا میں اپنے حریف برنی سینڈرز کو شکست دے دی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق سابق نائب صدر پہلے کی نسبت غیر معمولی مضبوط پوزیشن پر آ چکے ہیں۔ پارٹی کی اندرونی رائے شماری میں تازہ کامیابیوں کے بعد جوبائیڈن اپنے مقابل برنی سینڈرز سے تقریباً دوگنا زیادہ ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔ پرائمری انتخابات کے حالیہ نتائج کے مطابق ریاست فلوریڈا میں جوبائیڈن کو 62 فیصد جب کہ برنی سینڈرز کو 23 فیصد ووٹ حاصل ہوئے جب کہ الینوئے میں 89 فیصد نتائج کے مطابق جو بائیڈن 23 فیصد پوائنٹس کی برتری سے آگے تھے۔ ریاست ایریزونا میں جہاں پولنگ سب سے آخر میں ختم ہوئی وہاں بھی جو بائیڈن کو واضح برتری حاصل تھی۔ گزشتہ روز ریاست اوہایو میں کرونا وائرس کے پیش نظر پرائمری انتخابات کو جون تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ اب تک 24 ریاستوں میں ہونے والے ڈیمو کریٹک پرائمری انتخابات میں سے 19 میں فتح جو بائیڈن کے نام ہوچکی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال کے تناظر میں دعویٰ کیا جا سکتا ہے کہ اب مقابلہ سینیٹر برنی سینڈرز کے ہاتھوں سے نکلتا دکھائی دے رہا ہے اور وہ صدارتی انتخابات کی دوڑ سے باہر ہو سکتے ہیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی نمایندگی حاصل کرنے کے لیے 1991 ارکان کی حمایت حاصل کرنا ضروری ہے، اور تاحال جو بائیڈن 1147 جب کہ برنی سینڈرز 861 افراد کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔