کورونا سے بچاؤ کیلیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا فرض ہے،سنی اتحاد کونسل

418

لاہور(نمائندہ جسارت) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر علمائے اہل سنت اور مفتیان کرام نے کورونا وائرس سے پیدا صورت حال پر شرعی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وبا سے بچاؤ کے لیے ہر طرح کی احتیاط اختیار کرنا فرض ہے، وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حکومتی ہدایات پر عمل پوری قوم کے لیے لازم ہے۔ شرعی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ علمائے اہل سنت تمام مذہبی اجتماعات ملتوی کر کے کورونا وائرس کے خلاف قوی جنگ میں حکومت کا ساتھ دیں گے، لوگ صرف السلام علیکم کہنے پر اکتفا کریں، مساجد میں صرف با جماعت فرض ادا کریں اور استغفار کریں ، سنتیں اور نوافل گھروں میں پڑھیں، خطبہ جمعہ کا دورانیہ دس منٹ ہوناچاہیے ،حکومت کورونا سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کرے، حکومت نیشنل ہیلتھ ایمرجنسی لگائے، حکومتی سطح پر رجوع الی اللہ مہم کا اعلان کیا جائے۔ معمولی جرائم کے ملزمان فوری رہا کیے جائیں،حکومت ماسک اور سینی ٹائزر گھروں میں تیار کرنے کی ترکیب کی تشہیر کرے۔ اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مساجد کو بند نہیں کریں گے، عوام غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، باوضو رہنے اور بار بار صابن سے ہاتھ دھونے اورتلاوت کلام پاک کی کثرت سے کی جائے۔ قوم گھبراہٹ اور خوف و ہراس کا شکار نہ ہو،سعودی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ خانہ کعبہ اور مسجد بندی کو کھولا جائے ۔ اعلامیہ جاری کرنے والے علما میں مفتی گلزار احمد نعیمی، شیخ الحدیث علامہ محمد سعید قمر سیالوی، ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان سمیت 50علما شامل ہیں۔