پی پی ایم اے کا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بھر پورمہم چلانے کا اعلان

504

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن نے ملک میں کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کیساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں اس سلسلے میں کورونا وائرس ایمرجنسی میں تمام ضروری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گااور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے حکومت ہمارا ساتھ دے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کے زیراہتمام کراچی پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے مقررین نے خطاب کر تے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی پی ایم اے کے سنیئر وائس چیئرمین فاروق بخاری، چیئرمین ساؤتھ زون اقبال احمد، سابق چیئرمین ڈاکڑ قیصر وحید اور زاہد سعید نے بھی خطاب کیا۔

پی پی ایم اے کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ اس مشکل صورتحال میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا ئے گا اور جہاں تک ممکن ہو سکا حکومت کا ساتھ دیا جائے گا۔سینئر وائس چیئرمین پی پی ایم اے فاروق بخاری کا کہنا تھا کہ فارما صنعت کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے تیار ہے اور قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ادویات کی فراہمی کی جاتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ملک کی معاشی صورتحال خراب ہو رہی ہے اور فارما صنعت کو چلانے کیلئے حکومت کی طرف سے ہمیں ریلف دیا جائے تاکہ ادویات کی فراہمی میں کو ئی خلل نہ آئے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خام مال کی فراہمی کو یقینی بنایا جا ئے ایسا نہ ہونے کی صورت میں ادویات نہیں بنائی جا سکیں گی۔

انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ فارما صنعت کیلئے ڈالر کا ریٹ 155فکس کردیا جائے تاکہ فارما کی ضروریات آسانی سے درآمد کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ فارما کی برآمدات کی کلیئرنس کو 24گھنٹے ممکن بنایا جائے۔انہوں نے وفاقی حکومت سے پورٹ پر سلیز ٹیکس، سرچارج اور ڈیوٹیز واپس لینے کا کہا ہے۔

انہوں نے بینکوں کے لون پر سود کی لاگت پرتین ماہ کی چھوٹ دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔فاروق بخاری نے کہا کہ حکومت کو چایئے کہ وہ ایک چارٹر طیارے کا انتظام کرے جس کے ذریعے چائنا سے خام مال منگوایا جائے۔انہوں نے کہا فارما صنعت ڈرگ ریسرچ اور ڈیولپمنٹ پر بھی کام جاری رکھے گی تاکہ اس اہم مسئلے کا حل نکالا جا سکے۔