طبی عملے کو 10 ہزار حفاظتی کٹس فراہم کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب

173

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے پنجاب کو ایک ہفتے میں 10 ہزار حفاظتی ملبوسات فراہم کرے گی، ایک ہزار حفاظتی کٹس پہنچ گئیں، 5 ہزار مزید کٹس جلد پہنچا دی جائیں گی، انہوںنے کہا کہ اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حفاظت کے لیے تمام تر اقدامات کریں گے، طبی عملے کو حفاظتی کٹس اور ماسک وغیرہ بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلیے قائم کابینہ کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں کیا، اجلاس میں کوروناوائرس کے معاشی اثرات کا جائزہ لینے کیلیے وزیرخزانہ کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی جبکہ اضلاع میں ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں سول سوسائٹی کے ارکان پر مشتمل کمیٹیاں بنائی جائیں گی جو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مقامی سطح پر اقدامات کرسکیں گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کابینہ کمیٹی کو ماسک، حفاظتی کٹس اور سینی ٹائزرکی مقامی سطح پر تیاری کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ عثمان بزدار نے مزید کہاکہ کورونا وائرس کے خطرے سے آگاہ ہیں، نمٹنے کیلیے انتظامی تیاریاں مکمل ہیں، وفاقی حکومت کے ساتھ کورونا وائرس کے معاملے پر مکمل ہم آہنگی ہے، خوف و ہراس پیدا کرنے والے فیصلے نہیں کریں گے۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلیے دستیاب وسائل کو منطقی انداز میں استعمال کیا جائے، فیس ماسک کی صحت مند آدمی کو ضرورت نہیں، طبی عملے کو فیس ماسک اور دیگر ضروریات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔