سیاسی و مذہبی اجتماعات کو فی الفور ملتوی کیا جائے ،علماکا اجتماعی فتویٰ

252

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان علما کونسل نے تمام سیاسی و مذہبی اجتماعات کو فی الفور ملتوی کرنے کا اجتماعی فتویٰ دیتے ہو ئے کہا کہ پوری دنیا کورونا وائرس کے رسک پر ہے،نماز جمعہ کے اجتماعات میں اردو تقریر ختم اور عربی خطبات کو مختصر کر دیا جائے، مصافحے اور معانقے کے بجائے صرف السلام علیکم و رحمتہ اللہ وبرکاتہ کہا جائے۔تفصیلا ت کے مطابق پاکستان علما کونسل نے کوروناوائرس سے بچنے کے لیے اجتماعی فتویٰ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری دنیا کوروناوائرس کے خطرے کی زد میں ہے،یہ مہلک وائرس وبا کی طرح پھیل کر انسانی جانوں کو متاثر کر رہا ہے، اس سے نجات کے لیے شریعت اسلامی کے رہنمااصولوں کو اپنانا ہوگا۔پاکستان علما کونسل نے فتویٰ دیا کہ تمام سیاسی و مذہبی اجتماعات کو فی الفور ملتوی کردیا جائے،نماز جمعہ کے اجتماعات میں اردو تقریر ختم اور عربی خطبات کو مختصر کر دیا جائے، مصافحے اور معانقے کے بجائے صرف السلام علیکم و رحمتہ اللہ وبرکاتہ کہا جائے۔حافظ طاہرمحموداشرفی نے کہا کہ مساجد میں صفوں کے درمیان فاصلہ رکھا جائے اور نماز باجماعت فرش پر ادا کرنے کا اہتمام کیا جائے، نمازیں مساجد میں کھلی جگہ پر ادا کی جائیں تو بہتر ہوگا، نمازی سنتیں گھر میں ادا کر کے آئیں اور نماز کے بعد کی سنتیں بھی گھر میں ادا کریں، حکومت کی طرف سے جاری احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ، یہ تدابیر قطعی طور پر توکل علی اللہ کے خلاف نہیں۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں تمام مکاتب فکر کے جید علما کرام نے ملاقات کی۔علما کرام نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات کا مکمل ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے علما کرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مساجد بند نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ پریشان نہ ہوں، احتیاط کریں۔قوموں پر آزمائش آتی ہے، ان شاء اللہ سرخرو ہوں گے۔ علما کرام کو کورونا وائرس سے بچائو کے لیے پیشگی حکومتی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں کورونا سے بچائو کے لیے خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے دعا کرائی۔ مولانا صاحبزادہ فضل رحیم، مولانا غلام محمد سیالوی، مولانا طاہر محمود اشرفی، حافظ زبیر احمد ظہیر، علامہ محمد حسین اکبر اور دیگر علماکرام نے بھی خطاب کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری اوقاف اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔