سر ووین رچرڈز کے بعد ڈیرن سیمی کو بھی کراچی پریس کلب کی اعزازی ممبر شپ دیدی گئی

259

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ویسٹ انڈین لیجنڈ ووین رچرڈز کے بعد پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کو بھی کراچی پریس کلب کی جانب سے تاحیات اعزازی ممبر شپ دیدی گئی ۔اتوار کو تقریب کا انعقاد معین خان کرکٹ اکیڈمی کراچی میں ہوا ۔اس موقع پرکراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران اور سیکریٹری ارمان صابر نے ممبر شپ کا سرٹیفیکیٹ دیا۔ کراچی پریس کلب کی جانب سے ڈیرن سیمی اور زلمی ٹیم منجر ارشد خان کو اجرک اور سندھی ٹوپی بھی پہنائی گئی۔ ڈیرن سیمی نے کراچی پریس کلب انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پرڈیرن سیمی نے کہا کہ کراچی پریس کلب کا ممبر بننا میرے لیے اعزاز کی بات ہے ، موقع ملا تو کراچی پریس کلب کا ضرورجائوں گا ۔واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی پریس کلب کی جانب سے دنیائے کرکٹ میں احترام کی نظروں سے دیکھے جانے والے سابق کرکٹر سر ویوین رچرڈز کو تا حیات اعزازی ممبر شپ دی گئی،ویوین رچرڈز کو پاکستان میں کرکٹ بحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کے اعتراف میں ممبر شپ دی گئی۔اس سلسلے میں پریس کلب کے سیکریٹری اور صدر نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ویوین رچرڈز سے ملاقات کی، اور انھیں ممبر شپ کے ساتھ کلب کا نشان پیش کیا گیا۔ ملاقات میں بات کرتے ہوئے سر ویوین رچرڈز نے کراچی پریس کلب کے عہدے داران کا شکریہ ادا کیا، اور ممبر شپ کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی پریس کلب کا جلد دورہ کریں گے۔سابق ویسٹ انڈین کرکٹر کو سندھ کی ثقافتی علامت اجرک بھی پیش کی گئی۔ پریس کلب کے سیکریٹری ارمان صابر کا کہنا تھا کہ ویون رچرڈز کی جانب سے پریس کلب کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، انھیں کرکٹ کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں ممبر شپ دی گئی ہے۔