کراچی پولیس آفس میں قائم وِکٹم سپورٹ یونٹ میں اب تک 6506 موبائل فونز، 8566 مختلف گاڑیاں چوری یا چھینی کی شکایت درج کی گئیں ،

193

کراچی (اسٹاف رپورٹر),ایڈیشنل آئی جی کراچی آفس کے پی او میں قائم شدہ وِکٹم سپورٹ یونٹ روزانہ کی بنیاد پر موبائل فونز اور وہیکلز چھیننے کی وارداتوں کا نشانہ بننے والے شہریوں سے ان کے فراہم کردہ فون نمبرز پر رابطہ کرکے انہیں تھانے آنے کی دعوت دے کر واردات کا مقدمہ درج کرانے کے لیے حوصلہ افزائی اور ایف آئی آر کے اندراج کے لیے ہر طرح کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔

اِس یونٹ کے قیام سے اب تک کراچی کے شہریوں سے 6506 موبائل فونز چھینے یا چوری کئے جاچکے ہیں۔ وارداتوں کے نشانہ بننے والے شہریوں کے دیئے گئے فون نمبرز پر وکٹم سپورٹ یونٹ کے جانب سے 5668 متاثرہ شہریوں سے رابطہ کیا گیا جبکہ 838 شہریوں کے فون نمبرز پر کال اٹینڈ نہیں کی گئی۔ اس تعداد میں صرف 32 مالکان نے ایف آئی آر کے اندراج پر رضامندی ظاہر کی اور متعلقہ تھانوں کی پولیس نے مقدمات درج کئے۔اسی طرح 14 اکتوبر 2019 سے 21 فروری 2020 تک 8566 مختلف گاڑیاں چوری یا چھینی گئیں۔

ان وارداتوں کے ٹارگٹ 7079 شہریوں کے دیئے گئے فون نمبرز پر رابطہ کیا جاسکا، 1487 شہریوں نے فون کالز اٹینڈ نہیں کیں جبکہ 275 مالکان کو راضی کرکے فوری طور پر ایف آئی آر کا اندراج عمل میں لایا گیا۔ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے پیش کردہ رپورٹ کا ازخود جائزہ لیا اور عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ اس قسم کی وارداتوں کی ایف آئی آر فوری طور پر رپورٹ کرائیں تاکہ ان جرائم پیشہ افراد کو قرار واقعی سزا دِلوائی جاسکے۔انہوں نے کہا ہے کہ عوام کے تعاون کے بغیر پولیس اِن ملزمان کو ان کے انجام تک نہیں پہنچا سکتی۔