جرمنی ،کارجلوس پر چڑھ دوڑی ،15 افراد زخمی

138

برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمن صوبے ہیسے کے علاقے فولکمارزن میں ایک جلوس کے دوران ایک کار ہجوم پر چڑھ دوڑی،جس کے نتیجے میں 15افراد زخمی ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ مقامی پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا ،تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ کوئی حادثہ تھا یا سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حملہ کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق سلور رنگ کی ایک مرسڈیز لوگوں کو روندھتے ہوئے ہجوم میں 30میٹر تک گھستی چلی گئی۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا۔ حادثے کے وقت پولیس افسران کی بھی ایک بڑی تعداد وہاں پہلے سے موجود تھی۔ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غلط اور غیر مصدقہ اطلاعات پر کان دھرنے سے احتیاط کریں۔ واضح رہے کہ فولکمارزن جرمنی میں ایک چھوٹا سا قصبہ ہے،جس کی آبادی 6ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔ چند روز قبل ہی صوبے ہیسے کے شہر ہناؤ میں دائیں بازو کے شدت پسند نے 2حقہ بار پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 9افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ بعد میں اس نے اپنی والدہ کی جان لے کر خودکشی کرلی تھی۔ حملہ آور انتہائی دائیں بازو کے شدت پسند نظریات سے متاثر تھا۔
جرمنی: سیکورٹی فورسز نے جائے وقوع کو سیل کردیا ہے‘ فائر بریگیڈ اور طبی عملہ امدادی کارروائی میں مصروف ہے