بڑے ڈاکوؤں کو چھوڑنے سے ملک میں چوری اور کرپشن بڑھتی گئی،وزیراعظم

452

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت بڑے بڑے ڈاکوؤں پر ہاتھ ڈال رہی ہے،کبھی بھی چھوٹے چوروں کو پکڑ کر چوری ختم نہیں ہوتی۔

میانوالی میں شجر کاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے بچوں میں ابھی تک اس چیز کا احساس نہیں ہے کہ شجر کاری پاکستان کے لئے کتنی اہمیت رکھتی ہے، میں چاہتا ہوں کہ اسکولوں میں ایک مضمون رکھا جائے کہ اس ملک کے مستقبل کے لئے کتنا ضروری ہے کہ  ہم شجر کاری کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ جو جنگل انگریز چھوڑ کر گیا تھا افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ  وہ جنگل ہم تباہ کرچکے ہیں،عوام کو اس کی اہمیت ہی نہیں پتا کہ جنگل کیوں اتنے ضروری ہیں،میں  نے وزیراعلیٰ پنجاب سے کہا کہ جنہوں نے جنگلات کی زمینوں پر قبضہ کیا ہوا ہے ان کو جیلوں میں ڈالیں،ہم کندیاں کا جنگل آباد کرنے لگے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے ملک میں چھوٹے کرپٹ لوگوں کو پکڑا اور بڑے ڈاکوؤں کو چھوڑ دیاجاتا رہا جس سے ملک میں کرپشن بڑی،بڑے ڈاکوؤں کو پکڑیں تو چھوٹے خود ہی ڈر جاتے ہیں،ہماری حکومت میں پہلی بار ہوا ہے کہ بڑے ڈاکوؤں پر ہاتھ ڈالے جارہے ہیں،بڑے ڈاکوؤں پر ہاتھ ڈالنے سے کرپشن میں کمی آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نےآئی جی پنجاب سےکہا ہے جو بھی علاقے کے بڑے ڈاکو غنڈے ہیں ان کو پکڑیں چھوٹوں پر ہاتھ نہ ڈالیں بڑوں پر ہاتھ ڈالیں،کبھی بھی چھوٹے چوروں کو پکڑ کر چوری ختم نہیں ہوتی۔