جمہوریت و سیاست کو مفادات کی بھینٹ چڑھادیاگیا، لیاقت بلوچ

263

لاہور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکومت اور ملکی سیاست ناکامیوں سے دوچار ہے ۔ جمہوریت اور سیاست کو اقتدار کی ہوس رکھنے والے گروہ نے ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھا دیاہے ۔ جمہوری استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ یہی گروہ ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ تبدیلی ووٹ اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے آئے۔ نام نہاد جمہوری قیادتوں نے پورے نظام کو عالمی استعمار کے سامنے ڈھیر کردیاہے ۔ عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات نہ ملی تو حکمرانوں کو اقتدار چھوڑنا پڑے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومت مہنگائی اور بے روزگاری کے عفریت پر قابو پانے میں ناکام اور عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکاہے ۔ حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو غربت کے مارے عوام اقتدار کے ایوانوں اور حکمرانوں کے عالی شان بنگلوں کا گھیرائو کرنے سے دریغ نہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ اہل اور دیانتدار قیادت ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 29 فروری کو امریکا اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات تاریخی موقع ہے اور پاکستان کے عوام اس اہم موقع پر اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔