منتشر اپوزیشن کے باعث حکومت کو فری ہینڈ ملا ہوا ہے‘ لیاقت بلوچ

598

لاہور( نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور مجلس قائمہ سیاسی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ اپوزیشن جماعتیں منتشر اور اپنے ذاتی مفادات میں الجھی ہوئی ہیں ۔ عملاً حکومت کے پاس فری ہینڈ ہے اس کے باوجود مہنگائی ، بے روزگاری کنٹرو ل نہیں ہورہی ۔ بدانتظامی اور رشوت و لوٹ مار بڑھتی جارہی ہے ۔ آٹا چینی بحران پیدا کرنے والے حکومتی چھتری تلے محفوظ ہیں ۔ عوام لٹ گئے، مافیا عیاشی کر رہاہے ۔ حکومت اور ریاست ایک پیج پر ہیں لیکن عوام کو معاشی ریلیف میسر نہیں ۔ ماضی میں بھی ایسی کرپشن کے ذریعے ملک اور عوام کو لوٹا گیا ۔ لوٹ مار اور عوام پر ظلم کا تسلسل جارہی ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ کشمیر پر ثالثی کا امریکی صدر ٹرمپ کے بعد اقوا م متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیونے بھی نعرہ لگایاہے ۔ نریندر مودی مسئلہ کشمیر پر تمام عالمی معاہدوں ، قرار دادوں ، فیصلوں کو پامال کر رہے ہیں ۔ عالمی ادارہ انسانی حقوق کی پامالی کا کوئی مداوا نہیں کر رہا ۔ ثالثی بے معنی موقف ہے اصل حل کشمیریوں کی آواز سنی جائے ، ان پر ظلم و جبر کا سدباب کیا جائے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان اس موقع پر بھی مسئلہ کشمیر پر متفقہ قومی حکمت عملی اور لائحہ عمل دینے میں ناکام رہی ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کوئٹہ دہشتگردی میں بے گناہ افراد کی شہادتوں پر دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ پوری قوم کے لیے صدمہ اور دکھ کا باعث ہے ۔ بے گناہ انسانوں کو دہشتگردی کے ذریعے قتل کرنا وحشیانہ اور سنگین جرم ہے ۔ انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کے سنگین واقعات کے ذمہ دار عناصر کو سر عام پھانسی دے کر نشان عبرت بنایا جائے ۔ عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے ۔