ممتاز سہتو کی عزیز میمن کے اہل خانہ سے ملاقات‘ تعزیت کی

656
محرابپور: نائب امیر جماعت اسلامی سندھ ممتازحسین سہتو مقتول صحافی عزیز میمن کے لواحقین سے تعزیت کے بعد دعائے مغفرت کررہے ہیں

نوشہروفیروز(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتونے کہا ہے کہ تاریخ اس بات پر گواہ ہے کہ دنیا کے تمام آمروں، ڈکٹیٹرز اور جمہوریت کے لبادے میں چھپے ہوئے حکمرانوں، ریاستی طاقتور اداروں اور سماج میں جرائم کی پشت پناہی کرنے والے وڈیروں نے حق اور سچ کی بات کہنے اور ان کے جرائم کو بے نقاب کرنے کی جب جب بھی جرئت کی انہیں دھونس،دھمکیاں،اغوا اور قتل کرکے حق کی بات کہنے اور لکھنے سے منع کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی، لیکن سچ کی طاقت اور حق کی بات کرنے کی عوض معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی بے لوث محبت اور دعائوں کی بدولت ایسے افراد اپنی جانوں کی بازی لگاکر بھی باطل کے سامنے جھکنے سے انکار کردیا ،شہید عزیز میمن کا قتل سماج،حکومت اور آزاد عدلیہ کیلئے سوالیہ نشان ہے،صحافتی حلقوں میں اس قتل پر شدید تشویش اور بے چینی پائی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محراب پور میں سینئر صحافی عبدالعزیز میمن کے ورثاء سے تعزیت کے بعد گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ جماعت اسلامی کے مقامی رہنماء نعیم احمد کمبوہ ، ندیم احمد غوری اور برہان عزیز آرائیں شامل تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی سرزمین صحافیوں کیلئے جہنم بن چکی ہے،،غریب عوام کی آواز اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی آواز کو اقتداری ایوانوں میں بیٹھے ہوئے بے حس لوگوں تک پہنچانا اور ہائی لائیٹ کرنا ہی ایک سچے صحافی کا سب سے بڑا جرم ہے جس کی وجہ سے آج عزیز میمن جیسے صحافیوں کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا نہایت کٹھن اور مشکل بنادیا گیا ہے۔ ،سندھ حکومت اور سندھ پولیس پر شہید کے ورثاء کو انصاف فراہم کرنا فرض ہے،صحافی برادری خود کو اکیلا نہ سمجھے ہم اس مشکل گھڑی میں ہر قدم پر ان کے ساتھ ہیں اور شہید عزیز میمن کے قتل میں ملوث مجرموں کو تختہ دار تک پہنچانے کیلئے ہر فورم پر بھرپور کردار ادا کریں گے۔انہوں نے مرحوم کے بڑے بھائی انجنیئر عبدالحفیظ میمن اور حاجی نذیر میمن سے تعزیت،شہید کی مغفرت،درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔