سوشل میڈیا قانون قومی سلامتی کے پیش نظر بنایاجارہا ہے‘ وزیراعظم

473
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اسمگلنگ پر قابوپانے سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا قانون قومی سلامتی کے تحفظ کے پیش نظر بنایا جا رہا ہے۔وزیراعظم نے منگل کو سوشل میڈیا کے مجوزہ قوانین پر نظرثانی اجلاس کی صدارت کی جس میں سوشل میڈیا قوانین پر ردعمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ عمران خان نے مجوزہ قوانین پر عملدرآمد سے قبل اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کر دی جبکہ مجوزہ قوانین کے پیش نظر آزادی اظہار پر اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قانون لانے کا بنیادی مقصد شہریوں کا تحفظ کرنا ہے اور یہ قانون بچوں، اقلیتوں، مذہبی معاملات کے تحفظ کیے لیے بھی بنایا جا رہا ہے۔ وزیرا عظم نے کہا کہ اس قانون کا مقصد مثبت اظہار رائے یا سیاسی اختلاف کو دبانا نہیں ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں فوری کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔وزیراعظم نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں15سے20فیصد تک کمی کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے پیٹرول ، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے جامع روڈ میپ مرتب کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کی مشکلات پر حکومت خاموش تماشائی بن کر نہیں رہ سکتی۔ وزیراعظم نے اسلام آباد میں صحت کی سہولیات کی فراہمی سے متعلق شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سرکاری اسپتالوں میں انتظامیہ کو فعال بنانے اور ادویات کی فوری فراہمی کی ہدایت کی۔