موٹر وے پولیس نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران چوری ہونے والی گاڑی اور لاکھوں روپے مالیت کا انڈین گٹکا برآمد کر لیا ،

331

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )موٹروے پولیس نے ایک روز قبل لاہور سے چوری ہونے والی گاڑی برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان موٹروے پولیس انسپکٹر ثاقب وحیدکے مطابق کنٹرول کے ذریعے موٹروے پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک کرولا گاڑی نمبر LWB 133 ماڈل 2005 ، لاہور سے چوری ہوئی ہے اطلاع پاتے ہیں موٹروے پولیس کے افسران چوکس ہو گیے ،بعد ازاں مذکورہ گاڑی جب پشاور موٹروے پر صوابی کے قریب سے گزر رہی تھی تو ڈیوٹی پر مامور سب انسپکٹر شاویز اور سب انسپکٹرسید سلطان نے مطلوبہ گاڑی کو ٹریس کر لیا،

اور گاڑی کا پیچھا کیا جس پر ملزم نے گاڑی بھگا دی لیکن کچھ دیر کی تگ ودو کے بعد گاڑی روک لی گئی اور ملزم کی فرار ہونے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ملزم اکرم دل سکنہ صوابی کو گرفتار کرلیا۔ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد گاڑی کے اصل مالک کو اطلاع کردی گئی ہے اور مزید قانونی کارروائی کے لئے تھانہ چھوٹا لاہور ، صوابی کے حوالے کردی گئی۔ڈی آئی جی موٹروے اشفاق احمد نے کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے افسران کو شاباش دی،

دوسری جانب ترجمان موٹر وے کے مطابق موٹروے پولیس نے کنڈیارو میں کاروائی کرتے ہوئے چھ لاکھ مالیت کا غیرقانونی انڈین گٹکا برآمد کرلیا،ترجمان موٹروے پولیس ساوتھ زون کے مطابق کارروائی ڈی ایس پی راشد علی شاہ کی سربراہی میں کی گئی ،ملزمان کے قبضے سے کرولا کار نمبر بی ایف ایم 849 برآمد ،ملزمان کے خلاف باقاعدہ طور پر مقدمات درج کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔