بلدیاتی انتخابات میں کسی کیلیے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے،بی اے پی

182

گوادر (نمائندہ جسارت) بلوچستان عوامی پارٹی گوادر کے عوام کی خدمت کے لیے کوئی بھی کسر نہیں چھوڑے گی۔ مرکزی قائدین نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر من و عن پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیاد ت میں صوبے بھر کے عوام کی خدمت کے لیے کوشاں ہے۔ گوادر کے عوام کے جملہ مسائل کے حل کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے رابطہ کریں گے۔ کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں، کسی کے لیے بھی میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے بلوچستان عوامی پارٹی کے نومنتخب ڈپٹی آرگنائزر حاجی نعمت اللہ ہوت نے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پارٹی کے مرکزی قائدین کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ضلع گوادر کے لیے آرگنائزر اور ڈپٹی آرگنائزر کی تقرری کی منظوری دے دی ہے اور مرکزی قائدین نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے بلکہ بلوچستان عوامی پارٹی کو ضلع بھر میں فعال بنانے کے لیے کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گوادر کا مستقبل بلوچستان عوامی پارٹی سے وابستہ ہے، ماضی میں عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ جام کمال خان عوامی وزیر اعلیٰ ہیں جن کی قیادت میں صوبہ ترقی کررہا ہے بالخصوص گوادر کے مسائل حل ہونے جارہے ہیں اور عوام کو درپیش مسائل کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو آگاہ کریں گے۔ تقر یب سے خطاب کر تے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنمائوں محمد جان بلوچ، حکیم مجید اور ثنا میر نے کہا کہ گوادر میں روایتی سیاست کا خاتمہ ہونے جارہا ہے، مرکزی قیادت کی جانب سے میر یعقوب بزنجو اور حاجی نعمت اللہ ہوت کا آرگنائزر اور ڈپٹی آرگنائزر منتخب ہونا نیک شگون ہے، فیصلے سے بلوچستان عوامی پارٹی کے کارکنوں کو نیا جوش اور ولولہ ملا ہے۔ امید ہے کہ ہماری تنظیم کے نومنتخب ذمے داران تنظیم کی فعالیت کے لیے اپنی تمام تر صلاحتیوں کو بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی مجوزہ بلدیاتی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی، کسی کے لیے میدا ن خالی نہیں چھوڑیں گے۔ میر یعقوب بزنجو اور حاجی نعمت اللہ ہوت کی قیادت میں بھرپور عوامی مہم چلائیں گے۔ آخر میں پارٹی کارکنوں نے نومنتخب ڈپٹی آرگنائزر حاجی نعمت اللہ ہوت کو مٹھائی کھلائی۔