نوابشاہ، سانگھڑ روڈ پر قبضوں کیخلاف آپریشن، بااثر افراد کی تعمیرات محفوظ

116

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) سانگھڑ روڈ پر فراہمی آب کے تین واٹر اسٹاپ پر ناجائز قبضوں کیخلاف آپریشن شروع کیا گیا، آپریشن میں محکمہ آبپاشی، ریونیو اور پولیس کے عملے نے حصہ لیا جبکہ نوابشاہ شہر کے منتخب پی پی ایم پی اے کی تعمیراتی عمارت کو کسی نے ہاتھ تک نہ لگایا۔ مقامی لوگ اور دکاندار شکایت کرتے رہے کہ صرف غریبوں کی عمارتوں، دکانوں اور ہوٹلوں کو مسمار کیا جارہا ہے لیکن پی پی کے منتخب ایم پی اے کی عمارت کو کوئی ہاتھ تک لگانے کو تیار نہیں۔ اس سلسلے میں ایس ڈی او آبپاشی ذوالفقار علی کھوسو نے کہا کہ ایم پی اے کی عمارت آبپاشی کی حد میں نہیں ہے۔ محکمہ آبپاشی کی حد 85 فٹ ہے لیکن تین واٹر سے آگے یہ حد 40 فٹ بنتی ہے، جس کی وجہ سے یہ بلڈنگ ناجائز قبضے میں نہیں آتی، جبکہ ریونیو آفیسر مختار کار محمد اشرف کنبھر نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے آرڈر کے تحت ناجائز قبضے مسمار کیے جارہے ہیں۔ روڈ اور دوڑو نارو نہر کے درمیان میں ایم پی اے کی تعمیراتی بلڈنگ غیر قانونی نہیں ہے، جس کی وجہ سے بلڈنگ کو مسمار نہیں کیا گیا، جبکہ مقامی لوگ انصاف کے دوہرے معیار پر محکمہ آبپاشی اور ریونیو کیخلاف شکایات کرتے رہے۔