بابراعظم نے ظہیر عباس کی یاد تازہ کردی،جاویدمیانداد

260

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق بلے باز جاوید میانداد نے کہا ہے کہ بابر اعظم پاکستان کرکٹ کا قیمتی اثاثہ ہیں، نوجوان بلے باز نے اپنی کارکردگی سے انہیں ایشین بریڈمین ظہیر عباس کی یاد تازہ کر دی ہے۔میانداد نے اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور ان کا کھیلنے کا انداز بالکل ظہیر عباس کی طرح ہے، انہیں کھیلتے ہوئے دیکھ کر ظہیرعباس کی یاد تازہ ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کو چاہیے کہ وہ بیرون ممالک دوروں پر بھی بھر پو ر اعتماد کے ساتھ کھیلیں ۔ یاد رہے کہ بابر اعظم نے بنگلا دیش کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں 143 رنز کی اننگز کھیلی تھی جس میں پاکستانی ٹیم اننگز اور 44 رنز سے کامیاب ہوئی تھی۔ انہوں نے بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ہیٹرک کرنے والے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ ریورس سوئنگ کرنے کا گر جانتے ہیں، امید ہے کہ وہ مستقبل میں دنیا کے خطرناک فاسٹ بولر کے طور پر ابھریں گے۔