وزیراعظم چور ہیں اس لیے لوگ ٹیکس نہیں دے رہے ہیں، ن لیگ

131

لاہور (نمائندہ جسارت ) پاکستان مسلم لیگ ن نے حکومتی ریلیف پیکج کو عوام کا معاشی قتل قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیکج جہانگیر ترین و خسرو بختیارکے لیے خصوصی پیکج ہے، وزیراعظم چور ہیں ،اس لیے لوگ ٹیکس نہیں دے رہے۔ بدھ کے روز حکومت کے ریلیف پیکج پر رد عمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران مافیاکا 15 ارب کاپیکج عوام سے دھوکا، غریبوں کا مزیدمعاشی قتل عام ہے، یہ پیکج جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کے لیے ’ریلیف پیکج‘ ہے، عوام کے لیے یہ ’تکلیف پیکج‘ ہے، جعلی پیکج سے آٹا، چینی، گھی، بجلی اور گیس مزیدمہنگی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ اب پاکستان کا ہے، ملکی معیشت، سیکورٹی ، سلامتی اور سالمیت کا ہے، عمران صاحب لوگ ٹیکس نہیں دے رہے کیونکہ وزیراعظم چور ہے، چور اور کرپٹ مافیا کی وجہ سے ملک اور معیشت کو ناقابل تلافی نقصان ہورہا ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران مافیا نے 18 ماہ میں 13 ہزار ارب کا تاریخی قرض لیا لیکن ایک نئی اینٹ نہیں لگائی، یہ چوری اور کرپشن نہیں ہے تو کیا ہے؟ عمران مافیا نے 35 فیصد روپیہ گرایا، ایکسپورٹ پھر بھی گر رہی ہیں، یہ کرپشن اور چوری نہیں ہے تو اور کیا ہے؟۔انہوں نے سوال کیا کہ عمران مافیا نے 18 ماہ میں گیس 300 فیصد، بجلی 250 فیصد ،دوائیاں 500 فیصد مہنگی کردیںجبکہ ترقی کے شرح 5.8 سے 1.9 فیصد کر دی، 18 ماہ میں مہنگائی 3 فیصد سے 15 فیصد کر دی، 23 غیر قانونی فارن فنڈنگ اکاؤنٹس چھپا کر منی لانڈرنگ کی، پشاور میٹرو کے 150 ارب کے کھڈے کھود دیے، یہ چوری اور کرپشن نہیں ہے تو اور کیا ہے ؟۔