عدالتی بیلف سے بدسلوکی‘ پولیس افسران کیخلاف کارروائی کا حکم

425

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے شیخوپورہ میں واقع پولیس چوکی باغ میں عدالتی بیلف کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے پولیس افسران کے خلاف دائر در خواست کی سماعت مکمل کرتے ہوئے آئی جی پولیس پنجاب شعیب دستگیر کو ذمے دار پولیس افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس قسم کے پولیس افسران محکمے میں ملازمت کے قابل نہیں، ان کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے، اگر بیلف کے ساتھ بدسلوکی کی گئی تو عام شہریوں کے ساتھ کیا سلوک ہوتا ہوگا؟ واضح رہے مذکورہ چوکی کے پولیس اہلکاروں پر الزام عاید ہے کہ انہوں نے 22 سالہ نوجوان ارسلان کو جنوری میں مسجد سے اغوا کیا اور بغیر کسی مقدمے کے نوجوان ارسلان کو وائرلیس روم میں محبوس رکھا۔ درخواست گزار کے مطابق جب عدالتی بیلف ارسلان کو بازیاب کرانے پولیس چوکی باغ پہنچا تو وہاں پر موجود پولیس اہلکاروں نے عدالتی بیلف سے بدسلوکی کرتے ہوئے روزنامچہ چھین لیا جبکہ بیلف نے اپنی رپورٹ کے ساتھ مغوی ارسلان کو بھی عدالت میں پیش کیا۔