خواہش ہے حکومت مدت پوری کرے، چودھری شجاعت

138

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین عمرہ کی ادائیگی کے بعد روضہ رسولؐ پر حاضری کے لیے مدینہ منورہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے ملک کی سلامتی اور کشمیریوں کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر صدر مسلم لیگ سعودی عرب چودھری اظہر وڑائچ اور چودھری ممتاز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ہم عمران خان کی حکومت کے اتحادی ہیں اور چاہتے ہیں کہ حکومت اپنی مدت 5 سال پوری کرے، اس لیے پاکستان اور عمران خان کی حکومت کے لیے خصوصی طور پر دعا کی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کیا مشورہ دینا ہے یہ پاکستان واپس جا کر انہیں بتائوں گا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان بڑا خوبصورت اور امن و بھائی چارے کے کلچر کو فروغ دینے والا ملک ہے، مجھے پوری امید ہے کہ انشاء اللہ بہت جلد پاکستان معاشی بحران سے نکل آئے گا۔