مودی سرکار کی عبرتناک شکست نوشتہ دیوار ہے، فرید پراچہ

263

لاہور (نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ نئی دہلی اسمبلی انتخابات میں متعصب ہندو مودی سرکار کی عبرت ناک شکست بی جے پی کے لیے نوشتہ ٔ دیوار ہے ۔ یہ انتخاب مودی سرکار کی پیدا کی گئی نفرت اور لاٹھی گولی کی سیاست کے خلاف ایک ریفرنڈم ہے ۔ آنے والے انتخابات میں مودی کا تعصب اور نفرت کا سودا فروخت نہیں ہو سکے گا اور مسلمان ہی نہیں ، اعتدال پسند ہندو ، ذلت و پسماندگی کا نشان بنائے جانے والے دلت ، بنیادی انسانی حقوق سے محروم سکھ، مسیحی اور دیگر اقلیتیں ووٹ کی طاقت سے نفرت کی سیاست کو شکست دیں گے ۔ نئی دہلی میں جامعہ اسلامیہ کے طلبہ پر مودی ہٹلر پولیس کا وحشیانہ تشدد مودی سرکار کو مہنگا پڑے گا ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر میں مقبول بٹ کی برسی پر مکمل ہڑتال اور وادی بھر میں مکمل شٹر ڈائون و پہیہ جام ہڑتال بھارتی مظالم کے منہ پر ایک طمانچہ ہیں ۔ انہوںنے اقوا م متحدہ سے مطالبہ کیا کہ بھارتی فوج کے لاک ڈائون اور کرفیو کو فوری طور پرختم کرایا جائے ۔