بلدیہ عظمیٰ کراچی کے خرچ پر حج کی سعادت حاصل کرنے والے خوش نصیب ملازمین کے ناموں کا اعلان

433

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کے لئے فریضہ حج 2020 ء کی قرعہ اندازی پیر کی دوپہر صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں منعقد ہوئی جس میں 16 خوش نصیب ملازمین کے نام نکالے گئے جنہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے خرچ پر اس سال فریضہ حج کی سعادت حاصل ہوگی،

ان ملازمین میں گریڈ 1 تا 15 کے 11 ملازمین جبکہ گریڈ 16 اور اس سے زائد کے 5افسران شامل ہیں، تقریب میں میٹرو پولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم آفریدی، چیئرمین قانونی امور کمیٹی عارف خان ایڈوکیٹ، مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر امان اللہ آفریدی بھی موجود تھے،

میئر کراچی وسیم اختر نے حج قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حج کی سعادت حاصل کرنا ہر مسلمان کی اولین خواہش ہوتی ہے،وسائل کی کمی کے باوجود ہم نے ملازمین کو یہ سعادت فراہم کرنے کا عزم کیا ہے،

حج کے موقع پر حجاج کرام پاکستان خصوصاً کراچی اور ادارے کو اپنی دعاؤں میں یا د رکھیں، انہوں نے پریس کلب کے 4 ممبران کو عمرے کی سعادت پر بھیجنے کا بھی اعلان کیا، میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کوتیس سال سے یہ سعادت نصیب ہورہی ہے کہ ملازمین کو حج پر بھیجا جاتا ہے،

مالی پریشانیاں اس نیک کام میں آڑے نہیں آنے دیں،لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 ء کے تحت کے ایم سی کو اپنے حصے کے فنڈ ملتے تو یہ کام مزید بہتر انداز میں کرسکتے تھے،فائر بریگیڈ کا محکمہ تباہ حال ہے سرکاری کوارٹر مرمت کے متلاشی ہیں،وفاق ہو یا صوبہ شہر کا تحفظ کا کام کرنے والے فائربریگیڈ پر توجہ دیں، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حالیہ ریمارکس سب کے سامنے ہیں،

آئین کا آرٹیکل 140اے پڑھ کر شہر کے ذمہ داروں کو سنا دیا گیا ہے کہ بلدیہ کراچی کے پاس اختیارات نہیں اور محض چارجڈ پارکنگ کے پیسے سے شہر نہیں چلایا جا سکتا،مجھ پر چار سال رونے کا الزام لگتا رہا آج سب لوگ ان چیزوں کو مان رہے ہیں،یہ میری جیت اور چار سال کی محنت کاصلہ ہے کہ لوگ لوکل گورنمنٹ کو تسلیم کرنے لگے ہیں،

اب سندھ حکومت بھی میئر کو بااختیار بنانے کی بات کررہی ہے،میڈیا بھی تنقید کے بجائے کراچی کے مسائل حل کرنے میں ساتھ دے،صحت،ٹرانسپورٹ اور پانی سمیت کئی مسائل ہمیں گھیرے ہوئے ہیں،ان تمام مسائل کو حل ہوناچاہئے،میٹرو پولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ مسلمانوں کے لئے حج کی ادائیگی بہت بڑی سعادت ہے،

حج پر جانے والے افراد خدمت کے ساتھ ساتھ برداشت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی نے قرعہ اندازی میں منتخب ہونے والے ملازمین سے کہا کہ وہ اپنے ادارے شہر اور ملک کے لئے دعائیں کریں،

قرعہ اندازی کے دوران ویٹنگ لسٹ میں گریڈ 1 تا 15 کے سات اور گریڈ16 اور زائد کے 3 ملازمین کے نام بھی نکالے گئے جنہیں ریگولر قرعہ اندازی میں نکالے گئے،جن خوش نصیب ملازمین کو اس سال فریضہ حج کی سعادت حاصل ہوگی،

اس عمل پر ایک کروڑ 22لاکھ روپے کے اخراجات آئیں گے۔حج کوٹہ بجٹ میں ترپن لاکھ کی کٹوتی کی گئی ہے، بلدیہ عظمیٰ کے 4مزید ملازمین کو ویٹنگ پر رکھاگیا ہے،

ان میں محکمہ سی ایس آر سے ایم ندیم، محکمہ پارکس سے ایم نوید اور ایم شاہد، محکمہ ایم پی ایچ سے ایم امجداور محمد ایوب، محکمہ انجینئرنگ سے ایم عظیم، محکمہ فنانس ایم امین، محکمہ سالڈ ویسٹ سے
علی حسن، میڈیکل ڈپارٹمنٹ سے ایم انور، محکمہ فائربریگیڈ سے ضیاء مہدی، محکمہ چارجڈ پارکنگ سے عامر مسعودجبکہ افسران کی قرعہ اندازی میں محکمہ ایچ آر ایم سے محمد اسماعیل، محکمہ میونسپل سروسز نعمان ارشد، محکمہ فوڈز سے طارق جاوید، محکمہ اسٹور سے امان اللہ، محکمہ آکوموڈیشن سے محمد متین شامل ہیں۔